واشنگٹن (رائٹرز/ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) امریکہ نے کہا ہے کہ پرتشدد واقعات سے پاکستان میں سیاسی نظام لپیٹنے اور ماورائے آئین تبدیلی کی کوششوں کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی خاتون ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں ہونے والے مظاہروں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پرامن احتجاج اور اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کے اہم پہلو ہیں۔ پرامن احتجاج مظاہرین کا حق ہے تاہم سرکاری اور نجی املاک کی تباہی اور تشدد کے ذریعے سیاسی اختلافات طے کرنے اور تبدیلی کے نفاذ کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔ ترجمان نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تشدد سے گریز، قانون کی حکمرانی کا احترام اور سیاسی بحران کے حل کیلئے پرامن مذاکرات کریں۔