جھنگ(محمد شہباز تبسم )1965ء کی جنگ کا غازی لعل خان رسالہ یونٹ میں بطور سپاہی شہ سوار بھرتی ہوا۔آج لعل خان کی عمر83 برس ہے۔اور وہ 1965کی جنگ میں دریائے نیلم کے قریب واقع پہاڑی 7229پراپنی یونٹ کے ساتھ وطن عزیز کی حفاظت کے لیے مامور تھے۔لعل خان 1950میں پا ک آرمی کا حصہ بنے وہ ایک بہترین شہ سوار ،جمپر،اور نیزہ باز رہے۔لعل خان کا شمار 1965کے غازیوں میں ہوتا ہے۔لعل خان کا کہناہے کہ 1965کی جنگ میں ان کا سامنا ایک ایسی فوج سے تھا جو تعداد اور جنگی ہتھیاروں میں ان سے کئی گنا زیادہ تھے مگر پاکستانی فوج کا جذبہ ایمانی ان پر حاوی تھا۔1965میں بھارت کے اچانک پاکستان پر حملے کے بعد فیلڈ مارشل ایوب خان کی آواز پر نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پاکستانی قوم کے ہر فرد بچے ،بوڑھے،مرد و خواتین نے لبیک کہا۔ہر پاکستانی میں بھارت کے خلاف ایک عجب جوش و ولولہ دیکھنے میں آیا۔شہری کھانا پکا کر سرحدوں پر لے جاتے اور فوجی بھائیوں کے ساتھ بیٹھ کر کھاتے اس کا مقصد پاکستانی فوج کا حوصلہ بڑھانا تھا اور یہ بتانا تھا کہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔لعل خان کا کہنا تھا کہ دریائے نیلم پر ایک پل تھا جہاں سے گزر کر وہ راشن اور جنگی ہتھیارو سامان پہاڑی 7229تک فوج کے لیے لے کر جاتے تھے آمد و رفت کے لیے یہی واحد رستہ تھا ۔بھارتی جنگی جہازوں نے کئی بار بھر پور حملے کرکے اس پل کو تباہ کرنے کی کوشش کی مگر الہیٰ معجزہ تھا کہ وہ پل سلامت رہا۔پاکستانی فوج جس جذبے ،جرات و بہادری سے لڑی اس کی مثال نہیں ملتی ۔پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کے ارادے خاک میں ملا دئیے۔اور انہیں ناکوں چنے چبوائے۔بھارت کو منہ کی کھانا پڑی اور وہ دم دبا کر بھاگ گیا ۔1977میں عمان سے میجر اکبر شاہی گارڈز کے لیے گھوڑے خریدنے پاکستا ن کے شہر سرگودھا آئے ۔میری پوسٹنگ اس وقت سرگودھا تھی ۔ میجر اکبر ،میری گھڑ سواری ،پولو ، جمپ اور نیزہ بازی سے متاثر ہوئے اور مجھے عمان ساتھ لے جانے پر اصرار کیا اس وقت میں نے میجر اکبر کو کہا کہ ریٹائر منٹ کے بعد وہ اپنی خدمات پیش کرسکتے ہیں چنانچہ ریٹائرمنٹ کے بعد میں عمان گیا اورسلطان قابوس کے گارڈ دستے میں بطور چیف خدمات سرانجام دیں۔اور18سال کے بعد 1998میں پاکستان واپس آیا۔سلطنت عمان نے ان کی خدمات پر انہیں پیشتر میڈلز اور اعزازات سے نوازا۔موجودہ پاکستان، بھارت حالات کے حوالے سے لعل خان کا کہنا تھا کہ بھارتی جنگی جنون پھر سے جنم لے رہا ہے۔اور آئے دن مختلف سیکٹرز میں گولہ باری کر کے معصوم پاکستانی شہریوں کو شہید کر رہا ہے۔ شاید بھارت تاریخ کو بھول گیا ہے ۔میرا جسم بوڑھا مگر جذبہ آج بھی جوان ہے۔میں سپہ سالار پاک فوج راحیل شریف کے اشارے کا منتظر ہوں۔میرے جسم میں آج بھی اتنی طاقت ہے کہ میں دشمن کا مقابلہ کر سکتا ہوں۔
جنگ ستمبر: بھارتی حملے کے بعد ایوب خان کی آواز پر پوری قوم نے لبیک کہا: لعل خان
Sep 02, 2015