لاہور (آئی این پی) آئندہ سال مارچ تک ہونے والی مردم شماری ایک بار پھر ملتوی یا ختم کئے جانے کا خدشہ ہے۔ بتایاگیا ہے کہ حکومت نے اس سال مردم شماری کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم مردم شماری کے ذمہ دار ادارے پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے ڈائریکٹر جنرل آصف باجوہ نے سرکاری اعلان کے پانچ ماہ بعد تصدیق کی کہ ایک سال تک جاری رہنے والے مردم شماری کے عمل کے لئے فنڈز جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت غور کر رہی ہے کہ کیا مردم شماری کو بالکل ختم کردیا جائے، اس کی بجائے آبادی کے بارے میں نادرا کے اعدادو شمار کو آئندہ کی منصوبہ بندی اور ذرائع کی تقسیم کے لئے استعمال کیا جائے۔ مردم شماری کیلئے 14اعشاریہ پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں 6.9 ارب روپے بیورو آف سٹیٹسٹکس کے لئے اور 7.4ارب روپے سکیورٹی اور سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہیں۔