کراچی کے داخلی، خارجی راستوں پر گاڑیوں کی سکیننگ کیلئے سسٹم نصب، ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس فراہم

کراچی (اے این این + آن لائن) ترجمان رینجرز کے مطابق کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیننگ اور سرویلینس سسٹم لگا دیا گیا، یہ سسٹم شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی نگرانی کیلئے لگایا گیا، یہ سسٹم ہتھیاروں اور غیرقانونی اشیاء کی جانچ پڑتال میں بھی مدد دے گا۔ اس سسٹم کی بدولت ٹرک اور کنٹینر میں موجود سامان کو اچھی طرح چیک کیا جا سکتا ہے۔ سپرہائی وے پر سسٹم کے ذریعے چیکنگ باقاعدہ شروع کر دی گئی۔ کرنل کلیم کے مطابق سسٹم ایک سکیننگ وہیکل ہے رینجرز سندھ کی جانب سے ٹول پلازا پر سکیننگ وہیکل سسٹم لگا دیا گیا۔ کراچی میں پولیس اور ٹریفک اہلکاروں پر حملوں کے بعد شہر بھر میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹس فراہم کر دی گئیں۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹس ملنے کے بعد اب ڈر نہیں، وہ اپنے فرائض اطمینان سے انجام دے سکتے ہیں۔ ٹریفک پولیس حکام کہتے ہیں اہلکاروں کو احکامات دئیے گئے ہیں کہ وہ سکیورٹی اقدامات کے بغیر ہرگز ڈیوٹی نہ کریں بصورت دیگر ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن