نارنگ منڈی (نامہ نگار) نارنگ منڈی پولیس نے مقابلہ کے بعد مخالفین کے گھروں میں ہینڈ گرنیڈ پھینکنے والے خطرناک اشتہاری مجرم اللہ دتہ بٹ کو بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ سفاک ملزم نے اپنے بھائی احسن نواز بٹ کے ہمراہ مخالفین کی خواتین سمیت 7 افراد کو بڑی سفاکی سے قتل کردیا تھا اور ہینڈ گرنیڈ پھینک کر ان کے گھروں کو تباہ کردیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ نارنگ پولیس نے خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ پولیس کے جوانوں نے جدوجہد کے بعد ملزم کو قابو کرلیا۔ ملزم کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی علاقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ڈی پی او شیخوپورہ نے ملزم کی گرفتاری پر پولیس پارٹی کو شاباش دی ہے۔