اسلام آباد (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے موجودہ گھمبیر صورتحال، ملک کو درپیش خطرات اور اندرونی خلفشار سے نمٹنے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے اور بھرپور بحث کے ذریعے قوم کو حقائق سے آگاہ کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، ایک طرف افواج پاکستان ملک کی حفاظت اور استحکام کیلئے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کر رہی ہیں اور پاکستان کی دونوں اطراف کی سرحدیں غیر محفوظ ہیں، ہندوستان اندرونی مداخلت کے علاوہ بیرونی جارحیت کر رہا ہے، ان حالات میں پاکستانی قوم میں مکمل یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے نہ تھی، اگر آئی ڈی پیز کے مخدوش حالات پر توجہ نہ دی گئی تو پر امن علاقے میں ایک بار پھر گڑ بڑ ہونے کا خدشہ ہے۔ منگل کو سینیٹر زاہد خان نے پارٹی صدر اسفند یار ولی خان کا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملک و قوم کی خاطر اپنا گھر بار چھوڑنے والے حب الوطن پاکستانی قبائل کے مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے عمران خان نے دھرنا دیا اور وفاقی حکومت بھی ملکی مفاد کی بجائے موجودہ گھمبیر صورتحال میں ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تین بڑی سیاسی جماعتوں کی طرف سے اپنی قیادت اور کارکنوں کی بے شمار قربانیوں کی وجہ سے دہشت گرد اب راہ فرار اختیار کر رہے ہیں لیکن یہ بات افسوسناک ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والی سیاسی قوتوں کے بارے میں منفی تاثر پھیلایا جا رہا ہے جو کسی بھی طرح ملک و قوم کے حق میں نہیں۔ کرپشن اور دہشت گردی کو الگ الگ کیا جائے اور دہشت گرد افراد کی وجہ سے سیاسی قوتوں کو بدنام نہ کیا جائے۔
وزیراعظم موجودہ گھمبیر صورتحال میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں: اسفند یار
Sep 02, 2015