گلگت/ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) انسداد دہشتگردی عدالت گلگت نے الطاف حسین کو اشتہاری قرار دیدیا۔ متنازعہ تقریر پر ایک شہری نے ائرپورٹ تھانے میں الطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ عدالت نے کہا کہ الطاف حسین 10 ستمبر کو پیش نہ ہوئے تو انکے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ قومی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے پر الطاف کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔ دریں اثنا الطاف حسین نے حق پرست ارکان کی ایوانوں میں واپسی کو مذاکرات سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ تاہم مذاکرات کے ذریعے مطالبات منظور نہیں ہوئے تو اسمبلیاں حکومت کو مبارک ہوں۔ جو لوگ کل تک کراچی آپریشن کو جائز اور شفاف قرار دے رہے تھے وہ آج کس منہ سے آپریشن پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ لندن سے مواصلاتی خطاب میں الطاف حسین نے پیپلز پارٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔کراچی میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی اور عوامی نمائندوں سے خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ایم کیو ایم کے ایوانوں سے باہر آنے کے فیصلے کو غلط قرار دے رہے ہیں۔ ایم کیو ایم مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔