بلوچستان‘ فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق‘ کومبنگ آپریشن فیصل آباد چھ چارسدہ میں دو دہشت گرد گرفتار

کوئٹہ/ اسلام آباد/ تربت/ چارسدہ (نیوز ایجنسیاں+ بی بی سی اردو+ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ فیصل آباد میں 6 اور چارسدہ میں 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ تربت اور کراچی میں 11 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے فیصل آباد اور گرد و نواح کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے نیو گولیمار میں عثمانیہ کالونی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مخصوص گلیوں کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق تربت شہر اور نواحی علاقے تمپ میں ایف سی اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران مذکورہ علاقوں میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں 7 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ بی بی سی کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل آباد میں 6 دہشت گردوں کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام افراد کو جمعرات کی صبح گرفتار کیا گیا اور یہ تمام دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث افراد کے ہینڈلر اور معاونین تھے۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ یہ افراد دہشت گردی کے لیے لوگ بھرتی کرنے کا کام بھی کرتے تھے اور چھپنے کے لیے فیصل آباد آئے تھے۔ ان میں سے دو ’ہائی ویلیو‘ شدت پسند تھے اور ان کا تعلق القاعدہ سے ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ دونوں افراد خودکش حملہ کرنے والے دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں۔ ادھر چارسدہ میں تھانہ جواجہ دس کی حدود میں سے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ، دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے آواران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ نامعلوم افراد نے آواران میں ایک گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق تینوں افراد کی نعشیں قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نقاب پوش تھے۔ علاوہ ازیں آواران سے متصل ضلع کیچ کے علاقے میں تشدد کے ایک اور واقعہ میں لیویز فورس کا ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ یہ واقعہ زعمران کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس سے لیویز اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ کیچ ہی کے علاقے کپکپار میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص کو فائرنگ کر کے مار ڈالا۔ انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ حملے میں ایک مچھلی فروش ہلاک ہوا۔ ان واقعات کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔
بلوچستان فائرنگ

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...