کلثوم نواز کی انتخابی مہم چلانے پر کیپٹن صفدر پرویز ملک، بلال یاسین، میئر لاہور کو نوٹس

لاہور (خبرنگار + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن پاکستان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن شیڈول کے جاری ہونے کے بعد کوئی بھی وزیر، وزیراعلیٰ، وزیراعظم، ارکان اسمبلی اور دیگر عہدیدار انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے اور نہ ہی متعلقہ حلقے کا دورہ کرسکتے ہیں۔ جبکہ الیکشن کمشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر صوبائی وزیر بلال یاسین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 ستمبر کو طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مانیٹرنگ افسر کی رپورٹ پر صوبائی وزیر بلال یاسین کو 30 اگست کو موہنی روڈ لاہور پر بیگم کلثوم نواز کیلئے نکالی گئی ریلی میں شرکت کرنے پر نوٹس جاری کیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بلال یاسین 5 ستمبر صبح 10 بجے کمشن کے سامنے پیش ہوں۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ریٹرننگ افسران نے 13 نوٹس جاری کئے۔ این اے 120 میں ڈی آر او نے 4 نوٹس جاری کئے۔ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کی شکایات پر پرویز ملک، بلال یاسین، میئر لاہور کو نوٹس جاری کئے گئے۔ دریں اثنا الیکشن کمشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر این اے 120سے امیدوار بیگم کلثوم نواز کے داماد ،رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔کیپٹن (ر) صفدر سے کہا گیا وہ تین روز میں نوٹس کا جواب دیں بصورت دیگر ان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ علاوہ ازیں ترجمان الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ این اے 120 میں تجرباتی بنیادوں پر بائیو میٹرک مشینیں استعمال کرنی ہیں۔ نادرا نے الیکشن کمشن کو شہریوں کو مکمل فنگر پرنٹس نہیں دیئے۔ حلقے میں 3 لاکھ 21 ہزار 786 ووٹرز میں سے 29 ہزار 660 کے فنگر پرنٹس نہیں ہیں۔ تمام ووٹرز کے فنگر پرنٹس ملنے تک بائیو میٹرک مشین استعمال نہیں کی جاسکتی۔الیکشن کمشن نے حلقہ این اے 120 میں انگلی کے نشانات کے ساتھ ساتھ ووٹوں کا بائیو میٹرک ریکارڈ فراہم کرنے کیلئے نادرا کو خط لکھ دیا۔ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...