منیٰ : حاجیوں نے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں اور قربانی دی

منیٰ(آئی این پی )لاکھوں ضیوف الرحمن نے جمعہ کو بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں، حلق اور تقصیر کیا اور قربانی کی۔ حجاج کرام وزارت حج وعمرہ کے طے شدہ شیڈول کے مطابق رمی کا سلسلہجاری رکھیں گے۔ سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق جمعہ کو فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد لاکھوں حاجیوں نے مشعر الحرام میں کھڑے ہوکر دعا ومناجات کی اور منیٰ کی طرف روانہ ہوگئے۔ یہاں پہلے اپنے خیموں میں پہنچے اور طے شدہ جدول کے مطابق اپنے مقرر کردہ وقت پر رمی کی ، حلق اور تقصیر کی اور قربانی کی۔ مزدلفہ سے منی روانگی اور پھر منی سے جمرات پل پر رمی کا عمل انتہائی منظم رہا۔ اس دوران کسی قسم کا کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔سعودی عرب کی جانب سے سرکاری سطح پر جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر 23 لاکھ 52 ہزار 122 فرزندان اسلام نے فریضہ حج ادا کیا ہے۔ ان میں سے 17 لاکھ 52 ہزار 14 حجاج کرام بیرون ملک سے حجاز مقدس مقدس پہنچے جبکہ اندرون ملک سے حج کرنے والوں کی تعداد 6 لاکھ 108 ہے۔دریں اثنا سعودی وزیر صحت نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام حجاج کرام ہر قسم کی وبائی اور متعدی امراض سے مکمل طور پرمحفوظ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات کر رکھے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن