اسلام آباد (نوازرضا‘ وقائع نگار خصوصی) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے درمیان ہم آہنگی اور رابطوں کے فقدان کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے خلاف پارلیمنٹ کی مشترکہ قرار داد منظور نہیں ہوسکی۔ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایوان بالا کی خودمختاری پر کوئی کمپرومائز کرنے سے انکار کردیا۔ مشترکہ قرارداد دونوں ایوانوں کے درمیان خودمختاری کی ’’جنگ‘‘ کی نذر ہوگئی۔ وفاقی حکومت ایوان بالا سے قرارداد منظور کروا کر ایوان زیریں میں لے جانا چاہتی تھی لیکن چیئرمین سینٹ نے حکومت پر واضح کر دیا تھا کہ اگر ہم قرارداد منظور کریں گے تو وہ قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے حکومت کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مشورہ بھی دیا لیکن حکومت نے اسے قابل درخور اعتنا نہ سمجھا اور قومی اسمبلی سے قرارداد منظور کرالی جب کہ چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی پر ہول سینٹ کمیٹی کی رپورٹ کو آپٹ کرلیا یہ بات قابل ذکر ہے کہ قومی اسمبلی سے قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں عمران خان‘ مولانا فضل الرحمن‘ محمودخان اچکزئی‘آفتاب شیر پاؤ‘ چوہدری پرویز الہیٰ موجود نہ تھے۔
ہم آہنگی کا فقدان ٹرمپ کی دھمکیوںکیخلاف‘ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد منظور نہ ہوسکی
Sep 02, 2017