اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں 10 ستمبر کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ حکمران جماعت کی طرف سے عوامی طاقت کے مظاہرے کا ٹاسک امیر مقام، مرتضیٰ جاوید عباسی اور کیپٹن (ر) صفدر کو دیا گیا ہے۔ نواز شریف عید الاضحی کے بعد دوبارہ عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ ہزارہ کے دل ایبٹ آباد سے شروع کریں گے جس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ گزشتہ روز صوبائی عہدیداروں، سابق ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان اسمبلی کا ایبٹ آباد میں اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف ایبٹ آباد کے بعد ستمبر کے تیسرے ہفتے جنوبی پنجاب کے ہیڈکوارٹرز ملتان کا دورہ کریں گے۔ نواز شریف کے دورہ ملتان کے دوران سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی (ن) لیگ میں شمولیت متوقع ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف سینئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی کے گھر ملتان جائیں گے، بعد ازاں انہیں ساتھ لے کر جلسہ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔