اسلام آباد/ جدہ/ لندن+لاہور (ایجنسیاں+ نمائندہ خصوصی+سپورٹس رپورٹر ) ملک بھر میں عیدالاضحی آج ہفتہ کو مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ سے منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں اسلام آباد، گلگت بلتستان، شمالی علاقہ جات، آزاد کشمیر، چاروں صوبوں، جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبات، دیہات میں مساجد اور امام بار گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی، کشمیر و فلسطین، برما سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں اور دہشت گردی سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ لاکھوں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی کی یاد میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔ متحدہ عرب امارات، برطانیہ سمیت یورپ اور امریکہ میں گزشتہ روز منائی گئی۔ امارات سمیت خلیجی ممالک میں بڑے اجتماعات ہوئے، جمعہ کو کراچی میں بوہری برادری کی نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع صدر طاہری مسجد میں ہوا۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈر، امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن، پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے عید پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حج اور عید الاضحی دو ایسی عبادات ہیں جن کی بنیاد قربانی کے جذبے سے اٹھی ہے۔ ان دونوں عبادات کا تعلق جان اور مال کے ایثار سے ہے۔ عبادت کی یہی روح ہے جواس دکھوں بھری دنیا کو جنت کا نمونہ بنا سکتی ہے کیونکہ جان و مال کی اس قربانی کے ذریعے انسان کواپنی ’’انا‘‘ قربان کرنے کی تربیت دی جاتی ہے جو مسائل کی اصل جڑ ہے۔ ہمارے قومی مسائل ہوں یا مختلف عالمی بحران، ان سب کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو ان کی تہہ میں ’’انا‘‘ کے پیدا کردہ مسائل ہی نظر آئیں گے ۔ اس لیے ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے ’’انا‘‘ کو قربان کر کے اس دنیا کو جنت کا نمونہ بنا دیا جائے۔ عید الاضحی کے اس موقع پر ہمیں ایثار کے جذبے سے کام لیتے ہوئے اپنے ان بہن بھائیوں کا خاص طور پر خیال رکھنا ہے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے۔ وزیراعظم نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے۔ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ ہر مسلمان اپنی توفیق اور استطاعت کے مطابق قربانی کرتا ہے۔ دْنیا میں کوئی بھی قوم اْس وقت تک اخلاقی سربلندی حاصل نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار و قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔ جو قومیں اِن اوصاف کی حامل ہوتی ہیں وہی قومیں باہمی احترام اور اتحاد کے ساتھ خوشحالی کی منازل طے کر پاتی ہیں۔ آج وطنِ عزیز کو دہشت گردی اور انتہا پسندانہ سوچ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اِن مشکل حالات میں ہمیں جذبہ ایثار و قربانی، اخوت و بھائی چارہ، مذہبی رواداری، امن و آشتی اور پیار و محبت کے پرچار اور اِن پر عمل کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو ہرگز نہیں بھولنا جن کی عیدیں گذشتہ کئی دہائیوں سے سنگینوں کے سائے تلے گزر رہی ہیں۔ عیدالاضحی پر پیغام میں سابق صدر زرداری نے دنیا بھر کے مسلمانوں خاص طور پر پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید قرباں کسی نصب العین کے لئے قربانی دینے کیلئے تیار رہنے کی علامت ہے اس لئے آئیں آج ہم عہد کریں کہ اپنی زندگی اعلیٰ نصب العین کے لئے بسر کریں گے۔ ان لوگوں کو یاد رکھیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور ہم ان کی وجہ سے آج عید کی خوشیاں منا رہے ہیں اور ہم ان عظیم لوگوں کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ کم ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ لوگوں کو عیدالاضحی کی تمام برکتیں اور رحمتیں عطا ہوں۔ معاشرے کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ انسانیت کی بنیاد پر ایک بہتر معاشرہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم قربانی سے انسانیت کے ایثار و بھلائی صبر اور برداشت کا درس ملتا ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سنت ابراہیمیؑ ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا جذبہ عطا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جن کا عقیدہ یقین، توکل، عمل صالح اور ایمان ابراہیمؑ والا ہو جو اللہ اور اس کے دین کی سربلندی کی خاطر سب کچھ چھوڑنے اور قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہوں۔ چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش ہر مسئلہ، خطرے اور بحران پر ہم عظیم قربانی کے جذبے سے ہی قابو پا سکتے ہیں اگر ہم بحیثیت قوم ایک دوسرے کیلئے قربانی اور ایثار کو شعار بنائیں تو ہمیں دنیا میں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو حج اور عید کی خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برٹش مسلم خاندان اکٹھے ہوکر تحائف اور قربانی کا گوشت بانٹتے ہیں جس سے مسلمان خاندانوں کے تعلقات مزید گہرے ہوتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے عید کی تعطیلات کے دوران خیبر پی کے، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور فاٹا میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر اہل اسلام اور پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کا مذہبی تہوار حضرت ابراہیمؑ کی اس عظیم قربانی کی تقلید کے طو رپر منایا جاتا ہے، خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارا اور یتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام ہے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، مفلس اور محروم معیشت افرادطبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا فلسفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دن کا تقاضا ہے کہ باہمی رنجشوں اور اختلافات کو بھلا کر اخوت و محبت کے جذبات کو فروغ دیا جائے۔
عیدالاضحیٰ آج عقیدت و احترام سے منائی جائے گی
Sep 02, 2017