کراچی، راولپنڈی گوجرانوالہ، بدوملہی (نامہ نگار+ کرائم رپورٹر + کامرس رپورٹر + نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد شہر سے نکاسی آب کیلئے پاک فوج سندھ اور رینجرز کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، بارش کے پانی سے متاثرہ متعدد علاقوں کو کلیئر کرالیا گیا۔ گزشتہ روز بھی دیگر علاقوں سے نکاسی آب کا عمل جاری رہا۔ شام کے وقت دوبارہ بارش شروع ہو گئی۔ آج بھی بارش کا امکان ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج اور سندھ رینجرز کی مشینری اور اہلکار کراچی سے بارش کا پانی نکالنے میں مصروف عمل ر ہیں، فوج، رینجرز کی ٹیمیں 24 گھنٹے انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اورنگی نالہ اور گجر نالہ کے علاقوں کو ریگولیٹ کردیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ سڑکیں اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ عالم چوک، سیٹلائٹ ٹائون، وحدت کالونی، فرید ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ لاہور میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بدوملہی سے نامہ نگار کے مطابق بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ حب ڈیم کی سطح میں 12 فٹ اضافہ ہو گیا۔ پانی کی سطح 300 فٹ تک پہنچ گئی۔ حب ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے۔ سندھ رینجرز نے حالیہ بارشوں سے جانی اور مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے اور کہا ہے کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹیمیں موجود ہیں۔ پاکستان آرمی اور رینجرز کی ریسکیو ٹیمیں ریلی آپریشن کے لیے موجود ہیں۔ عوام کا تحفظ ہمارا عزم ہے۔ شہری کسی ناگہانی صورتحال کے پیش نظر رینجرز ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔ رینجرز مددگار نمبر 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کیا جا سکتا ہے۔ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ساہیوال اور گردونواح میں رات بھر وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹھٹھہ اور ساحلی پٹی میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، چار روز سے ہونے والی بارشوں سے زندگی متاثر ہوکر رہ گئی، مواصلاتی نظام درہم برہم رہنے سے شہری اور دیہاتی علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔ کیٹی بندر اور کھاروں چھن سے تعلق رکھنے والے دو درجن سے زیادہ مچھیرے گزشتہ چار روز سے سمندر میں مچھلی کے شکار کیلئے گئے ہوئے ہیں جن کا ورثا سے رابطہ نہیں ہوپارہا ہے جس کی وجہ سے ورثا میں بے چینی ہے۔ کراچی میں گزشتہ دو روز میں بارشوں سے تجارتی شعبہ کو 6ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ مختلف مارکیٹوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے 10کروڑ مالیت کا قیمتی سامان خراب ہوگیا، آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دو روز کی شدید بارشوں کے باعث شہری، دکانداراور مزدور گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، شہری انتظامیہ وسائل، جدید مشینری اور آلات کی کمی کی وجہ سے بے بس نظر آئی۔
کراچی میں بارش جاری‘ 6 ارب کا نقصان: فوج انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہے: آئی ایس پی آر
Sep 02, 2017