لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب کابینہ اور انتظامی سیکرٹریوںکے الگ الگ اجلاسوں کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی غیر معمولی انداز میں تعریف کی اور کابینہ کے اراکین کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی نشست اپنے ساتھ رکھوائی- وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سردار عثمان بزدار ایماندارشخص ہیں اورمیرے نظریئے پر پورا اترتے ہیں اور وہ صوبے میں میرے نظریئے کو آگے لےکر چلیں گے- انہوںنے کہاکہ سردار عثمان بزدار کومیں نے میرٹ پر وزارت اعلیٰ کے منصب پر تعینات کیاہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ یہ عوام کے پیسے کا درست استعمال کریں گے کیونکہ سردار عثمان بزدارنے عام آدمی کے مسائل کا حقیقی مشاہدہ کیا ہے- یہ عام آدمی کی محرومیوں کو سمجھتے ہیںکیونکہ ان کا اپنا علاقہ بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، ان کے علاقے کی اڑھائی لاکھ آبادی میں کوئی ہسپتال ہے نہ کوئی ڈاکٹر- انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حمایت کرتے ہوئے ان سے کہاکہ آپ نے کسی کی پرواہ نہیں کرنی اور نہ کسی سے ڈرنا ہے، میں آپ کو ہر طرح سے سپورٹ کروں گا،آپ نے میرے نظریئے پر چلنا ہے ،کمزور کی مدد کرنی ہے او رطاقتور مجرم کو قانون کی گرفت میں لانا ہے -وزیراعظم نے کہا کہ سردار عثمان بزدار ایک منفرد وزیراعلیٰ ہیں اور یہ پہلی بار ایم پی اے بنے اور جب یہ مجھ سے ملنے آئے تو انہوں نے کوئی وزارت نہیں مانگی بلکہ مجھ سے اپنے حلقے کے عوام کے لئے ہسپتال کا مطالبہ کیا جس کی مجھے خوشی ہوئی-
بزدار/ ایماندار