اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) پاکستانیوں کے بیرون ملک موجود بنک اکاﺅنٹس میں پڑی دولت اور غیر ملکی اثاثوں کو واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ کے طرف سے گورنر سٹیٹ بنک کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی نے اپنے ٹی اوآرز سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے ہیں۔ کمیٹی نے اثاثے واپس لانے کیلئے ایف آئی اے ایف بی آر اور نیب پر مشتمل جوائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سب سے پہلے دبئی میں پاکستانیوں کے موجود اثاثوں کو واپس لانے کے لیے اقدمات کئے جائیں گے۔ جمع رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے پاس یو اے ای میں پاکستانیوں کے اثاثوں کے حوالے سے کافی معلومات ہیں ،کمیٹی سب سے پہلے یو اے ای سے پاکستانیوں کے اثاثے واپس لانے پر کام کریگی جبکہ کمیٹی پاکستانیوں کے برطانیہ میں موجود اثاثوں سے متعلق ایف بی آر کے پاس معلومات کا بھی جائزہ لے گی ،جوائنٹ ٹاسک فورس بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں کو طلب کریگی،پیش نہ ہونیوالوں کے نام مناسب اقدامات کیلئے سپریم کورٹ کے سامنے رکھے جائیں گے۔ کمیٹی پیش ہونے والوں سے غیر ملکی اثاثوں کے متعلق وضاحت اور بیان حلفی طلب کرے گی ،غیر ملکی اثاثوں کی ملکیت تسلیم کرنیوالوں سے منی ٹریل کی وضاحت مانگی جائے گی اوربیان حلفی میں غیر ملکی اثاثوں سے انکار پر مناسب کارروائی کی سفارش کی جائیگی جبکہ غیرملکی اثاثوں کی منی ٹریل پیش نہ کرنے پر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اثاثوں کی ضبطگی کی کارروائی کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق کمیٹی اور جے ٹی ایف کو قومی اداروں سے معلومات لینے اور بیرون ملک سے رجوع کر سکے گی اور ہر ماہ پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کریگی۔
دبئی اثاثے
پہلے دبئی سے پاکستانیوں کے اثاثے واپس لائے جائیں گے‘ جوائنٹ ٹاسک فورس بنے گی
Sep 02, 2018