کراچی(این این آئی)سابق صدر آصف زرداری نے چیف جسٹس کے چھاپے کے دوران شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی برآمدگی پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ جس ملک میں چیف جسٹس چھاپے مارے تو ہم کیا کہیں گے۔گزشتہ روز کراچی کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور کی تھی تاہم ان کی جانب سے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے گئے تھے۔ہفتے کے روز سابق صدر آصف زرداری ضمانتی مچلکے جمع کرانے بینکنگ کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرائے۔ضمانتی مچلکوں پر آصف زرداری اور ان کے ضامن عاشق حسین نے دستخط کیے۔اس موقع پر آصف زرداری نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئے۔ صحافی کے سوال پر کہ آپ پھر گاڑی میں آئے ہیلی کاپٹر میں نہیں؟ سابق صدر نے جواب دیا کہ ہیلی کاپٹرکی بات ہو رہی ہے، دیکھیں کب ملتا ہے۔صحافی نے سوال کیاکہ ہیلی کاپٹر تو سستا ہوگیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ سن رہا ہوں 50،55 میں سفر ہوتا ہے۔صحافی کی جانب سے بتایا گیاکہ چیف جسٹس نے ہسپتال میں چھاپہ مارا ہے جس میں شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد ہوئی ہے۔اس پر سابق صدر نے کہا کہ جس ملک میں چیف جسٹس چھاپے مارے ہم کیا کہیں گے۔ایک صحافی کی جانب سے کہا گیاکہ آپ کو چیف جسٹس کے دوروں پر اعتراض ہے مگر شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد گی ٹھیک ہے؟سابق صدر نے کہا کہ مجھے صرف یہ پتا ہے سپریم کورٹ میں اور بھی 5 ہزار کیسز ہیں، یا لاکھ کیسز ہیں ان پر بھی زور ہونا چاہیے۔آصف زرداری سے سوال کیا گیا کہ سنا ہے صدارتی انتخاب ون ٹوون ہوگا آپ اعتزاز احسن کو دستبردار کرالیں گے ؟انہوں نے جواب دیاکہ ہوسکتا ہے مولانا فضل الرحمان دستبردار ہوجائیں۔
کراچی (سٹاف رپورٹر) آصف علی زردای نے کہا ہے کہ فضل الرحمن میرے بھائی اور دوست ہیں ان سے میرا بہت گہر ارشتہ ہے لیکن یہ رشتہ پیپلز پارٹی کے ساتھ قائم رشتے سے زیادہ مضبوط نہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ صدارتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا پہلا، دوسرا اور تیسرا انتخاب صرف اعتزاز احسن ہی ہیں جنہوں نے پارٹی کے لئے گراں قد ر سر خدمات انجام دیں، آئندہ صدارتی الیکشن میں نہ صرف پیپلز پارٹی کے ارکان بلکہ ہمارے سیاسی مخالفین بھی انہیں ووٹ دیں گے۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے یہ بات ہفتہ کی شام چیف منسٹر ہاﺅس میں 4 ستمبر کو ہو نے والے صدارتی الیکشن کے سلسلے میں چیف منسٹر ہاﺅس کراچی کے بنکوئٹ ہال میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے کی جس میں پیپلز پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اعتزاز احسن شہید ذوالفقار علی بھٹو، بی بی شہید اور ہمارے ساتھ کام کررہے ہیں وہ پیپلز پارٹی کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور ہمارے امیدوار کو مخالفین بھی ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جڑیں عوام میں بہت گہری ہیں اور وہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے سیاست کرتی ہے۔
زرداری/ اجلاس