لاہور( سپیشل رپورٹر) تحریک حرمت رسولؐکے اجلاس میں شریک مذہبی و سیاسی تنظیموںنے گستاخانہ خاکوں کیخلاف بین الاقوامی سطح پر قانون سازی کے حوالہ سے سفارشات مرتب کرنے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علماء کرام، شیوخ الحدیث اور ماہر قانون دان حضرات کے ایک بڑے کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کردار لائق تحسین ہے تاہم شان رسالتؐ میں گستاخیاں مستقل روکنے کیلئے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ پاکستان میں تمام انبیاء کی شان میں گستاخی کی سزا کا قانون پاس کیا جائے اور بین الاقوامی سطح پرعصمت انبیاء کے تحفظ کاقانون پاس کروانے کیلئے بھرپور کردارا دا کیا جائے۔تمام آسمانی مذاہب کی توہین عالمی سطح پر فوجداری جرم قرار دلوانے کی کوششیں کی جائیں۔ تحریک حرمت رسولؐ میں شامل جماعتوں کا وفد مسلمان ملکوں کے سفیروں سے ملاقاتیں کرے گا۔او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اٹھایا جائے۔ مغرب کو انبیاء کی حرمت کا پابند بنانے کی ضرورت ہے۔ہفتہ کے دن مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے اجلاس میں امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید، تحریک حرمت رسولؐ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ، اعجاز احمد چوہدری، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، علامہ زبیر احمد ظہیر، محمد یعقوب شیخ،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، حافظ عبدالغفار روپڑی، سیف اللہ خالد، مرزاایوب بیگ،شیخ نعیم بادشاہ،جاوید قصوری،شاہ نواز فاروقی،ایوب خان،رانا محمد عاقب ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں جماعۃالدعوۃ، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، تنظیم اسلامی،اسلامی جمہوری اتحاد، جمعیت علماء پاکستان،ھدیۃ الھادی پاکستان، ملی مسلم لیگ،جماعت اہلحدیث، متحدہ جمعیت اہلحدیث، نظریہ پاکستان رابطہ کونسل، مرکزی علماء کونسل پاکستان، تحریک آزادی جموں کشمیر و دیگر جماعتوں کے رہنما اور نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس کے اختتام پر تحریک حرمت رسولؐ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ نے دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تحفظ حرمت رسولؐ کی تحریک کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے مشترکہ طور پر بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ تحریک حرمت رسولؐکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت روکنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے کیلئے وزیر اعظم عمران خان خان اور شاہ محمود قریشی نے سنجیدہ کوششیں کیں اور مختلف ملکوں کے سفیروں سے رابطے کر کے انہیں معاملہ کی سنگینی سے آگاہ کیا۔