سرینگر(اے این این، این این آئی ‘نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز اور مجاہدین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ،20سے زائد افراد رہا ئی پا کر گھروں کو پہنچ گئے ،مجاہدین نے اپنے اقرباء کی گرفتاری کے بدلے اٹھائے گئے ایک بچے سمیت فورسز اہلکاروں کے 11رشتہ دار چھوڑ دئیے،بھارتی فورسز کی جانب سے ریاض نائیکو کے والد اور لطیف ٹائیگر کے اہل خانہ سمیت10سے زائد افراد کو رہا کر دیا۔بھار تی میڈیا کے مطابق وادی میں مجاہدین نے بھارتی فوج اور پولیس کے ان 11رشتہ داروں کو چھوڑ دیا ہے جن کو بھارتی فورسز کی جانب سے اپنے اہل خانہ کو حراست میں لینے کے بعد اغوا کیا گیا تھا۔وادی میں پولیس چیف شیش پا وید نے 11افراد کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رہا ہونے والوں میں اکثریت پولیس اہلکاروں کے رشتہ داروں کی ہے ۔دریں اثناء مورن پلوامہ میں بھارتی فوج کی جانب سے شبانہ چھاپوں کے دوران بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کے علاوہ 40 نوجوانوں کا شدید ٹار چر کیا گیا جس کے دوران دو نوجوان شدید زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ محکمہ پی ڈی ڈی میں کام کررہے دو ملازمین کی پسلیاں توڑی گئیں۔اس دوران 11نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا جن میں جامع مسجد کا ایک امام بھی شامل ہے۔فورسز کی زور زبردستی کیخلاف خواتین نے احتجاج کیا جن پر شلنگ کی گئی۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ اگست میں34بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔سیدعلی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے کہا کشمیریوں نے بھارتی آئین کی دفعہ 35۔اے کو منسوخ کرنے کی بھارت حکومت کی کوششوں کے خلاف بھر پور رد عمل اور مثالی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کر کے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنے حقوق پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مقبوضہ وادی میں بلدیاتی انتخابات یکم اکتوبر اورپنچایتوں کے انتخابات 8نومبر سے شروع ہوں گے ۔ میونسپل اداروں کے انتخابات چار مرحلوں میں کرائے جائیں گے اور پولنگ کی تاریخیں یکم اکتوبر 2018 سے 5اکتوبر 2018 تک ہوں گی۔اسی طرح پنچایتوں کے انتخابات 8مرحلوںمیں کرائے جائیں گے اور ان کی تاریخیں 8نومبر 2018 سے لے کر 4دسمبر 2018 تک ہوں گی۔ملک کی صدارت میں ریاستی کونسل کی میٹنگ میں کیا گیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے ضلع بانڈی پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران 3 کشمیری جوان شہید کردیئے۔