بیوروکریسی کو مواقع فراہم کرینگے، امورکار میں مداخلت نہیں ہوگی ‘ عمران

لاہور (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کو درپیش مختلف چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کےلئے بیوروکریسی کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات سخت فیصلوں کے متقاضی ہیں۔موجودہ حکومت کے اصلا حات ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کےلئے بیورو کریسی کی بھرپور لگن اور کارکردگی درکار ہے،موجودہ حکومت بیوروکریسی کی کارکردگی کو ہی مد نظر رکھے گی ، ہم انہیں موقع فراہم کریں گے اور ان کے امور کار میں مداخلت نہیں کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو لاہور میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں پنجاب کے صوبائی سیکرٹریز کے ساتھ میٹنگ میں کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت بیوروکریسی کی کارکردگی کو ہی مد نظر رکھے گی ، ہم انہیں موقع فراہم کریں گے اور ان کے امور کار میں مداخلت نہیں کریں گے جس کا مظاہرہ کے پی کے میں کیا گیا جس کے بے مثال نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے 1960 کے عشرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم سول ملازمین سے اسی جذبہ، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیت کی توقع رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے ملک میں موجود وسیع تر مواقع اور صلاحتیوں سے بھرپور انداز میں مستفید ہونے کےلئے تمام سطحوں پر گورننس، خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے ، شفافیت اور میرٹ کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
عمران خان

ای پیپر دی نیشن