عراق: مشتعل ہجوم کا البصرہ کے گورنر ہائوس پر دھاوا، دستی بموں سے حملہ

بغداد(اے پی پی، این این آئی) عراق میں مہنگائی اور بدامنی کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عراق کے جنوبی شہر البصرہ میں گزشتہ روز سینکڑوں مشتعل مظاہرین نے گورنر ہاؤس کے باہر ٹائر جلا کر احتجاج کیا اور اس کے بعد گورنر ہاؤس پر دھاوا بول دیا تاہم پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کر کے مظاہرین کو پیچھے ہٹا دیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے حکومتی مراکز پر دستی بموں اور آتش گیر گولوں سے حملہ کیا۔ اس موقع پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اورآنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین نے گورنر ہاؤس کی ایک بیرونی دیوار گراد ی۔ مظاہرین سخت مشتعل تھے اور وہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔واضح رہے کہ عراق میں تازہ مظاہرے اور کشیدگی ایک ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب دوسری جانب مئی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کی کوششیں جاری ہیں۔

ای پیپر دی نیشن