مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے کربلا کی یاد تازہ ہوگئی:پیر کبیرعلی شاہ

Sep 02, 2019

لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر عالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستان و سجادہ نشین آستانہ عالیہ چورہ شریف سیدمحمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم وستم واقعہ کربلا کی یاد تازہ کررہاہے۔ مودی سرکار سن لے مسلمانوں کے اسلامی سال کا آغاز محرم اوراختتام ذوالحجہ سے ہوتا ہے سال نو شہداء کربلا اور اختتام سیدنا اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے۔خلیفہ دوئم حضرت عمرؓ وشہدائے کربلا کی یاد میںتقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی کا مزید کہناتھا کہ حکومت جہاد کا اعلان کرے قوم کا ہرفرد کشمیریوں کو آزادی دلانے میدان جنگ میں نظر آئیگا۔ انہوں نے کہاکہ سیدنا عمر ؓنے طرز حکمرانی کا جو معیار متعارف کرایا اسے تاقیامت یاد رکھا جائیگا۔ امیرعالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستان نے کہاکہ محرم الحرام فلسفہ شہادت اہل بیت کادرس دیتا ہے شہداء کربلا نے حق پر قائم رہتے ہوئے امت کو سبق دیاکہ باطل کے سامنے دبنے والے جیتے ہوئے بھی مرے تصور کیے جاتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر سمیت دنیابھر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔

مزیدخبریں