لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ملاقات کی، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و ستم کی پر زور مذمت کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مودی سرکار کی تاریخی غلطی نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ پیلٹ گنز کی گولیاں ، کرفیو اور لاک ڈاؤن بھی بہادر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچل سکے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ظلم و ستم کی تاریخ دہرا کر ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے۔ عالمی میڈیا نے بھی کشمیر ی عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔ اقوام عالم کو مظلوم اور نہتے کشمیریوں کا ہاتھ تھامنا پڑے گا۔ دریں اثناء عثمان بزدارنے صوبے میں صنعت کاری اورسرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے احسن اقدام کیا اور فیکٹریوں کی لیبر اور سوشل سکیورٹی انسپکشن ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فیکٹریوں کی انسپکشن ختم کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیکٹریوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا صوبے میں صنعتوں کی زوننگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے صنعتوں کی زوننگ کے لئے عملدرآمد کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی صنعتوں کی زوننگ کے حوالے سے جامع سفارشات پیش کرے گی۔