اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)ملک بھر سے تعلق رکھنے والے پازیٹو پاکستان فائونڈیشن کے 62رکنی وفد نے پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا ۔ وفد کو قومی یکجہتی کے فروغ کے حوالے سے تشکیل دی گئی سینیٹ کمیٹی کے کنونیئر بیرسٹر سینیٹر محمد علی سیف نے خوش آمدید کہا ۔پازیٹو پاکستان فائونڈیشن کے صدر نے بیرسٹر سینیٹر محمد علی سیف کو بتایا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کی کردار سازی کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے۔ بیرسٹر سینیٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ایوان بالاء کی بھر پور کوشش رہی ہے کہ ملک بھر کے نوجوانوں کوپارلیمنٹ ہائوس کے دورے کرائیں جائیں اور بے شما رسکولوں ، کالجوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کر کے معلومات سے مستفید ہوئے ہیں،انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو اس طرح سے سرانجام دیں کہ ملکی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ملک کا بہتر اور مثبت امیج اُجاگر ہو سکے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ چیلنجز کو مواقعوں میں تبدیل کرنا ہو گا اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کریں۔