تہران (نیٹ نیوز) ایران نے فرانس کو خبردار کیا ہے کہ جب تک یورپ اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کرتا اس وقت تک یورینیم کی افزودگی میں کمی کا امکان نہیں ہے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرو سے ٹیلی فونک گفتگو میں واضح کیا کہ اگر یورپ اپنا وعدہ پورا نہیں کرسکتا تو تہران یورپی ممالک جوہری معاہدے (جے سی پی او اے) کی شرائط کو مزید نظر انداز کر دے گا۔ ایران کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری حسن روحانی کے بیان میں کہا گیا کہ ’تیسرا قدم بھی ماضی میں اٹھائے گئے فیصلوں کی طرح ناقابل واپسی ہوگا‘۔ حسن روحانی نے فرانس کے صدر کو کہا کہ ’بدقسمتی سے امریکا کی جانب سے جوہری معاہدے کی یکطرفہ منسوخی کے بعد یورپین ممالک نے معاہدے پر عملداری سے متعلق ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے‘۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر کے آفس سے جاری اعلامیے میں کشیدگی کو مذاکرات کے ذریعے کم کرنے پر زور دیا گیا۔