پاکستان نے زیر حراست بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلررسائی دیدی،انڈین ڈپٹی ہائی کمشنرسےملاقات

Sep 02, 2019 | 18:33

ویب ڈیسک

پاکستان کی جانب سے زیر حراست بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ویانا کنونشن کے تحت آج قونصلر رسائی دے دی گئی۔

کلبھوشن سے ملاقات کے لیے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلیوالیہ دفتر خارجہ پہنچے تھے جہاں پہلے انہوں نے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی۔

اطلاعات کے مطابق بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیہ، ویزہ افسر اور زیر حراست بھارتی جاسوس کے درمیان سب جیل میں یہ ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق کمانڈر کلبھوشن یادیو سے ملاقات کیلئے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو نامعلوم مقام لے جایا گیا اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بھارتی امور فریحہ بگٹی بھی موجود تھیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ ملاقات عالمی عدالت انصاف کی جانب سے کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی کی فراہمی کے فیصلہ کی روشنی میں کروائی گئی۔

گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کو قانونی طور پر قونصلر رسائی دینے کا پابند ہے اس لیے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں کلبھوشن یادیو کو پیر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔ 

علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کوعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں قونصلر رسائی دی جا رہی ہے، کمانڈر کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی میں ملوث ہونے پر حراست میں ہے۔

واضح رہے کہ 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کی بریت اور بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی تاہم کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی   فراہم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

مزیدخبریں