اطلاعات و نشریات کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بحث کےلئے یورپی پارلیمنٹ کے ایجنڈے میں شامل ہونا پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا ثبوت ہے۔
آج مختلف ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ موقف دنیا نے مسترد کردیا ہے کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ بھارت اپنی کوششوں کے باوجود نہ تو اسلامی تعاون تنظیم کو مسئلہ کشمیر پر خاموش کراسکا اور نہ ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اجلاس منعقد کرنے سے روک سکا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سنجیدہ سفارتکاری اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بے مثال قربانیوں کے دنیا بھر میں نتائج برآمد ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز اٹھانے میں پاکستان کا ساتھ دے رہی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم نے دنیا کی توجہ اس معاملے کی جانب مبذول کرانے کےلئے وزیراعظم کی اپیل پر آدھا گھنٹہ احتجاج کیا اور یہ ان عناصر کےلئے سبق ہے جنہوں نے قوم کے جذبات کا مذاق اڑایا۔