مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورت حال، کاروبار بند، سڑکوں پر فوج کا پہرہ، مقبوضہ وادی میں خاموشی لیکن اس صورتحال کو پر امن قرار نہیں دیاجاسکتا، اس تمام صورت حال پر امریکی جریدے بلوم برگ نے بھی بھارتی جھوٹ سے پردہ ہٹادیا۔بلوم برگ نے بھی مقبوضہ کشمیرکے حالات پر کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچائی ہے۔ اپنی رپورٹ میں میگزین نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 ختم کیے جانے کے بعد سے وادی میں احتجاج جاری ہے۔امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ مسلسل لاک ڈاون سے زندگی کا ہر پہلو اور کاروبار متاثر ہورہا ہے، وادی کی ہر شاہراہ پر لاٹھیاں اور بندوقیں تھامے اہلکاروں کی قطاریں ہیں، جابجا بکتر بند گاڑیاں نظر آتی ہیں۔بلوم برگ نے لکھا کہ منتخب نمائندوں سمیت تین سابق وزرائے اعلی بغیر کسی وضاحت قید میں ہیں، موبائل اور انٹرنیٹ بند ہوئے تقریبا ایک ماہ ہوچکاہے۔امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون نے سوا کروڑ آبادی کے لیے نقل و حرکت اور رابطے کاٹ کر رکھ دیے ہیں، غیر ملکی صحافیوں کے وادی میں داخلے پر پابندی ہے اور بھارتی میڈیا کی جانب سے تصویر کا ایک رخ پیش کیے جانے پر کشمیریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
#/S