لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگی وارننگ کے باوجود حکومت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ایمر جنسی بنیادوں پر حالات سے نپٹنے کی صلاحیت میں بہتری نہیں آئی۔ مون سون بارشوں کی وجہ سے کراچی سمیت ملک بھر میں انفراسٹرکچر کا پول کھل گیا ہے۔ اربن فلڈنگ سے نبٹنے کے بروقت انتظامات ہو جاتے تو ان لوگوں کو بچایا جاسکتاتھا۔ سابقہ اور موجودہ حکمران ایک دوسرے پر تنقید کر کے عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ کراچی کی الارمنگ صورتحال کے باوجود حکمرانوں کو اب تک ہوش نہیں آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کا معاشی حب اور اسلامی دنیا کا سب سے بڑا شہرکراچی کئی روز سے گندے پانی میں ڈوبا ہواہے۔ وفاقی صوبائی اور شہری حکومت شہر سے پانی نکالنے کی بجائے ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور الخدمت کے رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوںنے لوگوں کو ڈوبنے سے بچانے اور ان کے کھانے پینے اور رہائش کا فوری متبادل انتظام کیا اور ہزاروں لوگوں کو ریسکیو کرنے میں انتظامیہ کی مدد کی۔