اسلام آباد (خصوصی نمائندہ( وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے منگل کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین جاری پٹرولیم اور توانائی کے منصوبوں پر کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سعودی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کی ترقی اور معاشی نمو کیلئے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے سعودی سفیر کو یہ بھی بتایا کہ نئی قابل تجدید توانائی پالیسی اور ایکسپلوریشن و پیداوار کی سرگرمیوں کی بحالی سے ملک میں بڑی سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔ سفیر نے توانائی کے شعبہ میں پاک سعودی منصوبوں کی خصوصی نگرانی پر وزیر توانائی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب دونوں اسلامی ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
سعودی سفیر کی ملاقات‘ ترقی و معاشی نمو کیلئے سرمایہ کاری دوست پالیسیاں بنائیں: عمر ایوب
Sep 02, 2020