کراچی ( نیوز رپورٹر) کراچی کی تعمیروترقی میں پختونوں کا پسینہ شامل ہے، تمام قومیتوں کا احترام کرتے ہیں، بلاتفریق رنگ ونسل ہر انسان اپنے وطن اور شہر سے محبت کے اظہارکے لئے میدان میں آئے۔یہ باتیں پختون قومی موومنٹ PQMکے سربراہ بخت خان صاحبزادہ نے لانڈھی کورنگی، کیماڑی، لیاری،شیرشاہ، بلدیہ، میٹروول اور بنارس کے دورے کے موقع پر معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی سے محبت کے اظہاراور شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے پختون قومی موومنٹ کو شہربھرمیں فعال کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی پچھلے کئی عشروں سے مسائل کا شکاررہاہے،بیرونی قوتوں نے شہرکے پرامن عوام کو آپس میں دست وگریباں کرکے اس کی تعمیروترقی میں روڑے اٹکائے لیکن آج بھی سنجیدہ طبقے اس شہر کی ساکھ کوبچانے کے لئے میدان عمل میں ہیں،ہمارایقین ہے کہ مملکت خدادادپاکستان سے محبت کرنے والے کسی انتشاراورافتراق میں نہیں پڑیں گے اور آپس میں محبت ،بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیتے رہیں گے۔بخت خان صاحبزادہ نے کہاکہ ہم کراچی سے محبت کرنے والوں کو دعوت دیتے ہیں کہ پی کیوایم کے پلیٹ فارم پر متحدہوجائیں ۔اس موقع پر بخت خان صاحبزادہ کا پرتپاک استقبال کیاگیا،جبکہ مختلف مقامات پر عمائدین نے پھولوں کی پتیاں نچھاورکی اور دنبے قربان کئے گئے۔