وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس، صوبائی حکومت کی دو سالہ شاندار کارکردگی پر اظہارتشکرکی قرارداداتفاق رائے سے منظور,کابینہ کا وزیر اعلی پر اعتماد کا اظہار

Sep 02, 2020 | 18:57

  وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیر صدارت  وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔پنجاب کابینہ کے خصوصی اجلاس میں صوبائی حکومت کی دو سالہ شاندار کارکردگی پر اظہارتشکرکی قرارداداتفاق رائے سے منظور کی گئی۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اظہار تشکر کی قرارداد پیش کی اورکابینہ کے تمام اراکین نے متفقہ طورپر قرارداد منظور کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت گزشتہ دو برس میں صوبائی سطح پر ہونے والی تیز رفتار تعمیر و ترقی کے نئے دور پر تشکر کا اظہارکرتاہے اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی سربراہی میں صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کی خدمت کیلئے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکرتا ہے۔

یہ اجلاس متفقہ طورپر سمجھتا ہے کہ پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی عکاسی ہے۔ پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس اس امر سے اتفاق کرتا ہے کہ2018ء میں شروع ہونے والے اس سفر نے پنجاب میں نئے نظام کی بنیاد ڈالی۔شفاف اور کرپشن فری نظام نے 70 سالہ پرانے اور فرسودہ نظام سمیت استحصالی ایجنڈے کی بنیادیں ہلا دیں۔اجلاس اس امر پر اپنے بھر پور اطمینان کا اظہار کرتا ہے کہ پنجاب حکومت نے ان دو برس میں گورننس ماڈل کی جدت کیساتھ بحالی کیلئے متعدد اصلاحات متعارف کرائیں جس سے حکومتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی اور اداروں کی جوابدہی ممکن ہوئی اورپنجاب حکومت نے دوبرس میں ریکارڈ قانون سازی کی اور ہسپتالوں، یونیورسٹیوں، کالجوں، بیراجوں، سپیشل اکنامک زونز اور سڑکوں سمیت متعدد میگا منصوبوں پر کام کیا۔اجلاس کی متفقہ رائے ہے کہ یہ تمام منصوبے دکھاوے کے نہیں بلکہ حقیقی طور پر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے ثابت ہورہے ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔اجلاس اتفاق رائے سے اس امر پر بھی مہرثبت کرتا ہے کہ یہ دو سال وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی پختہ ارادی کی مثال ثابت ہوئے۔ زنگ آلود نظام کو بدلنے میں اور عدل و انصاف کے فروغ میں حکومت کو بے حد چیلینجز درپیش تھے جن کا مقابلہ ثابت قدمی سے کیا گیااوران میں سب سے بڑامرحلہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کاکھویا ہوا حق واپس دلانا تھا اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا وعدہ پورا کر کے دکھایا ہے اور یہ واحد صوبائی حکومت ہے جس نے پسماندہ اضلاع سے ہونے والی زیادتی کے ازالے کا آغاز کیا ہے۔    
    پنجاب کابینہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی کارکردگی پر ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اجلاس اس امرپر بھی متفق ہے کہ پنجاب میں مساوی ترقی اور معاشی استحکام کاآغاز ہو چکا ہے۔یہ کابینہ آئندہ 3 برس میں اس سے بھی زیادہ جوش، جذبے اور ولولہ انگیزی سے صوبے کو ماڈل صوبہ بنانے میں بھرپور کردار جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔دوبرس کے دوران دن رات عوام کی خدمت کی ہے۔ کابینہ کے معزز ارکان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔کابینہ کے معزز ارکان نے فیصلے کرتے ہوئے ہمیشہ عوامی مفاد کو ہی مدنظر رکھا۔

انہوں نے کہا کہ دو سال گزر چکے ہیں، الحمداللہ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور اور عوام کی عدالت میں سرخرو ہیں۔ ہم نے محنت کی، کام کیا اور بہتری کیلئے بھرپور کاوشیں کیں۔ ہمارا دامن صاف ہے۔ تنقید برائے تنقید کا بھی سامنا رہا لیکن ہمارے عزم اور حوصلے میں کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا یہ کریڈٹ ہے کہ اس عرصہ کے دوران کوئی بھی کرپشن کا سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ دوسال میں صرف کام، کام اور کام کیا ہے۔ شو بازی کی بجائے عملی اقدامات کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے آگے ہے۔ دو برس میں خوشحال اور ترقی یافتہ پنجاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انشاء اللہ آئندہ تین برس کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود آپ کی قیادت میں عوام کے لئے بہترین فیصلے کیے گئے۔مخالفت کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی شاندار رہی۔آپ کی سربراہی میں دن رات کام کیا اورآئندہ بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ گزشتہ 10برس کے دوران پنجاب میں ون مین شو تھا۔مدت کے بعد آپ کی قیادت میں ایک ٹیم کے طورپر کام کیا جارہاہے۔ منتخب نمائندوں کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار تک رسائی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے مشاورت اورمشترکہ طورپر کیے جاتے ہیں۔آپ نے پسماندہ علاقوں کا احساس محرومی دورکیاہے۔

آپ کی قیادت میں صوبے کی ترقی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ آپ کی قیادت میں کورونا کے خلاف نمایاں کامیابی ملی ہے۔پنجاب میں صورتحال دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔آپ نے ہمیشہ صحت کو فوکس کیا ہے۔صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہر محکمے کی خود میٹنگ کی ہے۔پنجاب کو گرین اینڈ کلین بنانے میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تعاون حاصل ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مخالفین کی سازشوں کے باوجود اللہ تعالیٰ نے آپ کو سرخرو کیاہے۔عزت اورذلت کے فیصلے زمین پر نہیں،آسمان پر ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اوروزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو انسداد کورونا کیلئے دن رات کام کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے اندر ہر منصوبہ شفاف انداز سے آگے بڑھ رہا ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام آپ کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔آپ کی قیادت میں ہر چیلنج کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن یاسرہمایوں نے کہا کہ آپ کی قیادت میں محکمے آزادی سے کام کررہے ہیں۔آپ نے کبھی کسی محکمے میں مداخلت نہیں کی،ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں سکولز ایجوکیشن میں انقلابی اصلاحات لائے ہیں۔ہم نے جو کہا وہ کرکے دکھایا۔صوبائی وزیر توانائی اختر ملک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ عثمان بزدارفرسودہ نظام کو تبدیل کررہے ہیں۔پہلے ون مین شو تھا،اب فیصلے اجتماعی طورپرپوری ٹیم کرتی ہے۔محکموں کو درست جانب گامزن کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری نے کہا کہ دوبرس میں عوام کی خدمت کیلئے کام کیا گیا ہے۔آئندہ تین برس میں مزید محنت اورلگن کے ساتھ عوامی خدمت کریں گے۔صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مشکل حالات میں اچھے فیصلے کیے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی بصیرت کے تحت اقدامات کیے۔آج صورتحال پہلے سے بہتر ہورہی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنی سیاسی و انتظامی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں پنجاب حکومت کے چھوٹے ملازم سے لیکر بڑے افسر تک سب کی کارکردگی کو سراہتا ہوں اوراپنی سیاسی ٹیم کی بے مثال کارکردگی پر تمام دوستوں کو مبارکباددیتا ہوں۔صوبائی وزراء،مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں