بزرگ حریت رہنما کا فولادی عزم آزادی کے متوالے کشمیری نوجوان کا مقصد حیات

Sep 02, 2021

لاہور (سٹی رپورٹر) بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی بھارتی قید میں شہید ہو گئے۔ 92 سالہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی شہادت گزشتہ روز سری نگر میں بھارت کی غیر قانونی اور غاصبانہ نظر بندی میں بدھ کی شام میں ہوئی۔ بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی زندگی بھر مقبوضہ  جموں و کشمیر میں آزادی کی تحریک کے روح رواں رہے ہیں۔ وہ غاصب بھارت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔  بابائے انقلاب بزرگ حریت رہنما کا فولادی عزم آزادی کے متوالے کشمیری نوجوانوں کا مقصد حیات بن گیا۔ مرحوم بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے اپنی جوانی اور بزرگی کشمیر کی آزادی کی خاطر ہڑتالوں‘ جلسوں‘ جلوسوں‘ بھارتی تشدد کو سہنے اور غیر قانونی اور غیر انسانی نظر بندیوں میں گزاری۔ جبکہ ان کی شہادت بھی بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مسلسل نظربندی میں ہوئی۔ اپنے آخری ایام بھی مسلسل نظربندی میں گزارے ہیں جہاں وہ شدید علالت میں طبی سہولیات سے بھی محروم رہے ہیں جہاں وہ نظر بندی میں ہی شہید ہوئے ہیں۔ کشمیری رہنما نے بہت عرصہ پہلے شہیدوں کے قبرستان میں دفن کئے جانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ تاہم فوری طور پر یہ بات واضح نہیں ہو سکی ہے کہ حکام اجتماعات اور ان کی وصیت کے مطابق تدفین کی اجازت دیں گے یا نہیں۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر مختلف حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں