لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) شہبازشریف نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو روکنے کیلئے اپوزیشن کی مشترکہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ (ن) لیگ نے بطور جماعت پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا راستہ روکنے کے لئے پارلیمنٹ سمیت تمام قانونی آپشنز بروئے کار لائیں گے، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی بل کے قانونی اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور حکمت عملی تجویز کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر نے پارٹی رہنماؤں کو صحافتی تنظیموں سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی اے ایک کالا قانون ہے، ہر فورم پر روکیں گے، نام نہاد قانون کی تیاری میں متعلقہ فریقین سے نہ مشاورت ہوئی اور نہ ہی تجاویز لی گئیں۔ حکومت کا مقصد قانون سازی یا امور کو بہتر بنانا نہیں، میڈیا کو اپنا تابع فرمان بنانا ہے، صحافتی تنظیموں کو اعتماد میں لیا گیا، نہ ہی ان کی رائے اس قانون کی تیاری میں شامل ہے، یہ قانون منظور ہوا تو ملک سے اظہار رائے کی آزادی کا وجود مٹ جائے گا۔ آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کا راستہ ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔