لاہور (شاہد علی) پنجاب حکومت نے چار ارب سے زائد لاگت سے پنجاب میں تین نیشنل وائلڈ لائف پارک اور لاہور میں ایک ہسٹری میوزیم قائم کرنے کے لئے پلان تیار کرلیا ہے۔ گجرات، چکوال اور سالٹ رینج میں یہ نیشنل پارک قائم کیے جائیں گے جبکہ نیشنل ہسٹری میوزیم کے قیام کے لیے زو سفاری پارک لاہور کا انتخاب کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نیشنل پارکس بنانے کا مقصد سیاحت کے فروغ جنگلی حیات کے تحفظ اور شجر کاری کے مقاصد پورا کرنا ہے پارکس اور میوزیم کے لئے مختص کیے گئے بجٹ میں وفاقی حکومت بھی ایک بڑا حصہ فراہم کرے گی۔ نیشنل پارکس میں اسمبلی نیشنل پارک، سالٹ رینج نیشنل پارک اور پبی نیشنل پارک کے ناموں سے تین نیشنل پارکس قائم کیے جائیں گے۔ ان پارکس میںکلین گرین پاکستان کے وفاقی حکومت کے منصوبے کے تحت شجر کاری کی جائے گی اور جنگلات لگائے جائیں گے۔ نیشنل پارک بنانے کا مقصد سیاحوں کو متوجہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنا بھی ہے جبکہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے لاہور ذوسفاری میں قائم کیے جانے والے نیشنل ہسٹری میوزیم کے حوالے سے پتہ چلا ہے کہ رواں بجٹ میں ابتدائی طور پر کنسلٹنٹ ہائیر کرنے کے ایک کروڑ ستر لاکھ کی رقم مختص کی گئی ہے ہسٹری میوزیم میں خطے کی وائلڈ لائف، جنگلات اور آب و ہوا سے متعلق ڈیجیٹل طریقے سے معلومات فراہم کی جائیں گی جبکہ نیشنل ہسٹری میوزیم میںجنگلی حیات کی خطے میں تاریخ پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔
پنجاب میں تین وائلڈ لائف پارک ، لاہور میں ہسٹری میوزیم بنانے کا پلان تیار
Sep 02, 2021