اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی زیرصدارت وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کا بارہواں اجلاس بدھ کو وزارت کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، چیئرمین پاکستان سافٹویئر ہاوسز ایسوسی ایشن برکان سعید، ایم ڈی پاکستان سافٹویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر اور وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اسپیکٹرم آکشن، کینکٹوٹی اور فائبرائزیشن کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔اجلاس میں وزارت آئی ٹی کی جانب سے کیئے گئیے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے کہا وزارت آئی ٹی میں اپنے شعبے کے ماہر افسران مطلوبہ اور بروقت اقدامات کررہے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ٹاسک فورس کی تجاویز پر مکمل عملدرآمد کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ملک میں موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروسز میں بہتری کیلئے سخت ہدایات جاری کررہے ہیں۔