اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کا کلین گرین پروگرام دنیا میں پاکستان کی پہچان بن گئے ہیں، اپوزیشن بھی ابھرتے ہوئے پاکستان کی علامت اس منصوبے کی مخالفت کی بجائے آگے بڑھے اور پودا لگا کر اپنے حصے کا کردار ادا کرے، حکومت کے سر سبز منصوبوں کا مقصد صرف درخت لگانا نہیں بلکہ ماحول دوست روزگار کے مواقع بھی پیدا کرنا ہے،ہماری کامیاب گرین سفارتکاری کی بدولت سعودی عرب اور امریکا کے ساتھ ماحولیات کے شعبہ میں تعلقات نئے سرے سے استوار ہوئے ہیں، ٹین بلین ٹری سونامی اور اس سے منسلک دیگر گرین منصوبوں کا نہ صرف عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے بلکہ انہیں ماڈل کے طور پر اپنایا بھی جا رہا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ماحولیات کے تحفظ و بحالی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے منصوبوں اور کامیابیوں کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے صاف و سرسبز پاکستان ویژن کے تحت پہلے خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے گئے جبکہ اس سے پانچ لاکھ لوگوں کو روزگار بھی ملا ہے، اس منصوبے کی کامیابی کے بعد پورے ملک میں وسیع پیمانے پر شجر کاری کے لئے ٹین بلین ٹری سونامی کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ملک میں اس سال کے آخر تک ڈیڑھ ارب درخت لگانے کا ہدف پورا ہو جائے گا۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے، پوری دنیا ہماری کامیابیوں کا اعتراف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اب تعصب کی عینک اتار دے، آگے بڑھے اور روڑے اٹکانے کی بجائے اپنے حصے کا پودا لگا کر پاکستان کی بہتری کی کوششوں میں کردار ادا کرے۔
ٹین بلین ٹری سونامی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا، ملک امین اسلم
Sep 02, 2021