کراچی(کامرس رپورٹر) ایمریٹس نے پاکستان کے لئے محمد النہاری الہاشمی کو وائس پریذیڈنٹ تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یکم ستمبر سے اپنے فرائض کی انجام دہی کا آغاز کیا ہے۔ محمد النہاری الہاشمی اس مارکیٹ میں قائدانہ انداز سے ایئرلائن کے آپریشنز اور ایمریٹس کی موجودگی برقرار رکھنے کے ذمہ دارہوں گے ۔ ان سے قبل، محمد سرحان ایمریٹس پاکستان کے وائس پریذیڈنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے ،جو اب بھارت کے لئے ایمریٹس کے وائس پریذیڈنٹ کے طور پر نئی ذمہ داری ادا کریں گے۔ پاکستان کے لئے ایمریٹس کے وائس پریذیڈنٹ محمد النہاری الہاشمی نے کہا، "میں پاکستان میں ایمریٹس کے آپریشنز کی قیادت کرنے کے لئے پْرجوش ہوں۔ میں اپنی باصلاحیت مقامی ٹیم کے ساتھ بھرپور انداز سے کام کرنے اور خطے میں ایئرلائن کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے پرامید ہوں۔" اپنی نئی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ محمد النہاری الہاشمی خطے بھر میں ایئرلائن کے کمرشل آپریشنز اور اہم اقدامات کے انتظام کی نگرانی کریں گے۔ اس سے قبل وہ ایمریٹس کے ساتھ 18 سال سے مختلف فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں منسلک رہے ہیں جن میں کویت، انڈونیشیا، شام، متحدہ عرب امارات میں مینجمنٹ کی ذمہ داریوں کی ادائیگیاں ہیں جبکہ ابھی حال ہی میں وہ سعودی عرب کے لئے وائس پریذیڈنٹ کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ اس حالیہ تعیناتی کے ساتھ ایئرلائن مغربی ایشیاء ، افریقہ، خلیجی ممالک اور وسطیٰ ایشیائی ممالک میں کمرشل لیڈرشپ سے متعلق اعلانات کررہی ہے۔ ان تمام اعلانات کے سلسلے میں اہم عہدوں پر باصلاحیت اماراتی افراد کی تعیناتی شامل ہے جنہیں یا تو ادارے میں پروموشن دی جارہی ہے یا پھر پورٹ فولیو کے ذریعے دوسری اہم ذمہ داریاںتفویض کی جارہی ہیں جس سے متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے کیرئیر کی ترقی سے متعلق عزم کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ ایمریٹس کے پاکستان کے ساتھ سال 1985 سے مستحکم تعلقات ہیں اور ایئرلائن بدستور ملک میں اپنے طویل المیعاد کمرشل حکمت عملی کے لئے پرعزم ہے۔ ایمریٹس کراچی، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، اور پشاور سمیت پاکستان کے پانچ شہروں سے مسافروں کو سفری خدمات فراہم کررہا ہے جنہیں براستہ دبئی دنیا کے 120 سے زائد مقامات سے جوڑنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
محمد النہاری الہاشمی ایمریٹس کے وائس پریذیڈنٹ تعینات
Sep 02, 2021