کوٹری( نامہ نگار) کوٹری میں18گھنٹے طویل بریک ڈاؤن سے شہری پریشان‘رہی سہی کسر بارش نے پوری کردی‘24گھنٹے میں18گھنٹے بجلی کی فراہمی بند رہی‘ بجلی کی بندش سے پانی کی فراہمی بھی متاثر‘متعدد علاقوں میں قلت آب کا مسئلہ گھمبیر شکل اختیار کرگیا۔تفصیلات کے مطابق کوٹری میں گزشتہ روز دن میں اچانک بجلی کی طویل بندش نے شہریوں اور کاروباری حضرات کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا جس پر رہی سہی کسر معمولی بارش نے پوری کردی ۔بجلی بحالی کے ایک گھنٹے بعد دوبارہ بجلی بند ہوگئی جوکہ رات 4بجے کے بعد بحال ہوئی جوکہ صبح10بجے پھر ایک بار بند کردی گئی جوکہ دوپہر3بجے کے بعد بحال ہوئی تھی اس دوران بجلی کی عدم فراہمی سے فراہمی آب کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا اور متعدد علاقوں میں قلت آب کا مسئلہ گھمبیر شکل اختیار کرگیا اور شہری پینے کے پانی کیلئے منرل واٹر خرید کرنے پر مجبور بن گئے۔حیسکو حکام کے مطابق دن میں مرمتی کام کی وجہ سے بجلی کی فراہمی بند تھی بارش کے بعد پھر سے فیڈر ٹرپ کرگئے جس کی وجہ سے طویل بندش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔اس ضمن میں اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر صحت عامہ جامشورو اشفاق میمن کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے سبب فراہمی آب کا شیڈول متاثر ہوتاہے حیسکو حکام بجلی بندش سے متعلق کوئی آگاہی نہیں دیتے ۔