پاکستان کی ممتاز بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی کے خاندان سے ان کا جسد خاکی چھیننے کے قابض بھارتی فوج کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت

پاکستان نے ممتاز بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی کے خاندان سے ان کا جسد خاکی چھیننے کے قابض بھارتی فوج کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق جب سید علی گیلانی کا خاندان ان کی آخری رسومات کی تیاری میں مصروف تھا ہمیں اس وقت قابض بھارتی فوج کی بھاری تعداد نے سری نگر میں ان کی رہائش گاہ پر کارروائی کر کے ان کے خاندان کے افراد کو ہراساں کیا اور ان سے سید علی گیلانی کا جسد خاکی چھین لیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی حکومت سید علی گیلانی سے اس قدر خوفزدہ ہے کہ ان کے انتقال کے باوجود اس نے یہ غیرانسانی اقدام کیا۔یہ عمل قابض بھارتی فوج کی بزدلی کی انتہاء کو ظاہر کرتا ہے اور بلاشک و شبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لئے تمام اخلاقی اور انسانی اقدار کو پامال کرسکتا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سنگین اور غاصبانہ صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی پر ذمہ دار ٹھہرائے۔

ای پیپر دی نیشن