لاہور (احسان شوکت سے) پنجاب حکومت نے شہریوں کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز میں گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر کے بائیو میٹرک سسٹم کو تین ماہ کے لئے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ گاڑیوں کی پیپرلیس رجسٹریشن کا خاتمہ کر کے دوبارہ فائل سسٹم شروع کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب میں چند ماہ قبل گاڑیوں کی رجسٹریشن و ٹرانسفر کے لئے بائیو میٹرک نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ جس کے بعد گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے وقت مالک و خریدار کے لئے نادرا سے انگوٹھے سکین کرا کر بائیو میٹرک تصدیق کرانا ضروری ہے۔ مگر اس صورتحال میں لاکھوں ایسی گاڑیوں کے مالکان جو اوپن لیٹر پر گاڑیاں چلا رہے تھے اورکار ڈیلرز کو خرید کردہ گاڑیوں کی فائلز پاس ہونے کے باوجود مالک کے دستیاب نہ ہونے پر بہت پریشانی ومشکلات کا سامنا تھا۔ جبکہ نیو رجسٹریشن بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ہی ہوگی۔ اس سلسلے میں حکومت نے محکمہ ایکسائز حکام سے سمری منگوا لی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں کابینہ و حکومت سے سمری منظور ہونے پر بائیو میٹرک سسٹم 3 ماہ کے لیے معطل ہو جائے گا۔علاوہ ازیں تین ماہ بعد جب بائیو میٹرک نظام دوبارہ لاگو ہوگا، تو اس وقت یہ بائیو میٹرک نظام مزید آسان اور اسلام آباد کی طرز پر ہوگا۔ اس بات پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔ دریں اثناء گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے شروع کیا گیا پیپرلیس نظام بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ اب پہلے والے طریقے سے محکمہ میں گاڑی کی فائل جمع ہوگی اور فائل چیک و تصدیق ہونے کے بعد گاڑی ٹرانسفر ہوگی۔