مافیا سیلاب میں بھی منافع خوری سے باز نہ آیا: سراج الحق 

Sep 02, 2022


 لاہور؍ سرائے مغل (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مافیا سیلاب میں بھی منافع خوری سے باز نہیں آ رہا۔ مشکل وقت میں بھی عوام کو ریلیف دینے کی بجائے حکومت نے پٹرول اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھا دیں۔ آئی ایم ایف کے اشاروں پر نت نئے ٹیکسز لاگو کر دیئے جاتے ہیں۔ ظلم و جبر ، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کا سانس لینا دشوار ہو گیا۔ سیلاب نے تباہی مچا دی، حکمران اب بھی لڑائیوں میں مصروف ہیں۔ علماء مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کریں، ہمیں متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ بے سہارا لوگوں کو غیرملکی اداروں کے حوالے نہیں کر سکتے۔ مخیر حضرات اور بیرون ملک مقیم پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے بڑھیں، قوم کا اب تک کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ جماعت اسلامی سیلاب متاثرین کو یقین دلاتی ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائیشیا روانگی سے قبل راولپنڈی میں علماء مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین علماء مشائخ رابطہ کونسل خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، صدر علماء مشائخ رابطہ کونسل میاں مقصود احمد اور امیر جماعت اسلامی راولپنڈی سید عارف شیرازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امیر جماعت نے اپنے خطاب میں کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ کہا کہ مرحوم کشمیری رہنما استقلال اور ہمت کا پہاڑ تھے، جنہوں نے اپنی تمام زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے وقف کر دی۔ علی گیلانی کی خدمات کو سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔ علماء منبر و محراب کے وارث، عوام کی حقیقی رہنمائی کر سکتے ہیں۔ آئیے مل کر قدم بڑھائیں اور پاکستان کو استعمار اور اس کے وفاداروں سے آزاد کرائیں۔ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے پاکستان بھر میںکھربوں روپے کی کروڑوں ایکڑ پر کھڑی چاول، سبزیاں، گنے اور دیگر فصلیں تباہ و برباد ہو گئیں۔ لاکھوں مکانات گر گئے۔ لاکھوں مویشی اور ہزاروں افراد پانی میں ڈوب کر ہلاک۔ تباہ شدہ کسانوں اور دیگر طبقات کو قرضے معاف کر کے آئندہ بلاسود قرضے دینے، بجلی کے بل معاف کرنے، اور تباہ شدہ مکانات، سڑکیں اور آبی انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی، الخدمت فاونڈیشن اور کسان بورڈ متاثرہ آبادی کی مکمل بحالی تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے سرپرست اعلی حاجی محمد رمضان کی سربراہی میں پریس کلب بھائی پھیرو، پریس کلب سرائے مغل اور پریس کلب مانگا کے پندرہ رکنی وفد نے منصورہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم، نائب امرا میاں محمد اسلم، اسداللہ بھٹو اور ڈاکٹر معراج الھدی صدیقی اور کسان بورڈ پاکستان کے صدر چوہدری شوکت علی چدھڑ بھی موجود تھے۔ صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی سیاسی لڑائیوں کو پس پشت ڈال کر متحد ہو کر عوام کی مدد کریں۔

مزیدخبریں