اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے لئے آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور دیگر علاقوں کے لئے 1135 ہیلپ لائن فعال ہے۔ شہری کسی بھی مدد کیلئے ان ایمرجنسی نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ پاک فوج کے 157 ہیلی کاپٹرز نے ایک ہزار 87 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا، آرمی ایوی ایشن کے ذریعے 72 ٹن امدادی سامان پہنچایا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ مختلف میڈیکل کیمپوں میں 51 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ ملک بھر میں امدادی سامان جمع کرنے کے لئے 221 ریلیف پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں وادی نلتر، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے اپریشنز میں سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر وائس مارشل ظفر اسلم، ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ نے ضلع راجن پور میں واقع پی اے ایف فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے متاثر خاندانوں میں 5570 پکے ہوئے کھانے کے ڈبے، 1260 پانی کی بوتلیں اور 2314 راشن پیکٹ تقسیم کیے۔ میڈیکل کیمپوں میں 787 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی۔ ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کے جوان سندھ کے مختلف علاقوں بشمول سانگھڑ، تحصیل مہر، سلطان کوٹ، شاہ بندر، کوڈاریو، دولت پور، چوھڑجمالی، سجاول اور ٹھٹھہ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاک بحریہ نے سندھ کے ساتھ ساتھ امدادی کارروائیوں کا دائرہ کار پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے سیلاب زدہ علاقوں تک بھی بڑھا دیا ہے۔ پاک بحریہ کے جوان کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔