ترکیہ سے تعلقات گہرے، بی جے پی کی سوچ پر فکر مند ہیں، مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہے، ’’اناطولیہ‘‘ کو انٹرویو

Sep 02, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں شدید بارشوں اور سیلاب سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ بین الاقوامی اداروں کو پاکستان کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ پاکستان سمیت امت مسلمہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی سوچ کے ذریعے ہندوستانی مسلمانوں پر ہونے والے حملوں اور انہیں الگ تھلگ کرنے پر فکر مند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے ’’اناطولیہ‘‘ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان سب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے پاکستان کسی پولرائزیشن اور کسی کیمپ کا حصہ بننے کا خواہاں نہیں ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان امت مسلمہ کا بہت گہرا اور دیرپا رشتہ ہے، صدر مملکت نے پاکستان کے امریکہ، چین اور روس کے ساتھ تعلقات اور روس سے تیل اور اناج کی خریداری سے متعلق سوال پر کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کو کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ پاکستان کے دیرینہ اور اچھے دوست ہیں، چین کے ساتھ ہمارے تعلقات بہتر ہیں جبکہ امریکہ کے ساتھ ہم تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔ہمارا کردار پرامن ہونا چاہئے، ہمارا کردار افغانستان میں امن کی تلاش میں ہونا چاہئے کیونکہ یہ وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تعلقات اور سمندر تک سامان کی نقل و حمل کے لئے بہت ضروری ہے، یہ اقتصادی خوشحالی کا راستہ ہے۔مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دورہ نصیرآباد اور ڈیرہ مراد جمالی میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا ۔ صدر مملکت کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب نے بلوچستان کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان میں ڈیلے ایکشن ڈیم اورآبی ذخائر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیلابی پانی کو ذخیرہ کیاجاسکے اور بوقت ضرورت استعمال میں لایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں فصلوں کی انشورنس کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ سیلاب یا دیگر قدرتی آفات کی وجہ سے کسانوں کے نقصان کا ازالہ ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی صبح ڈیرہ غازی خان میں فلڈ ریلیف کیمپ کے دورے کے موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی خیریت دریافت کی اور کہاکہ انتظامیہ آپ کی دیکھ بھال کررہی ہے اور حکومت آپ سے لاتعلق نہیں اور اسے آپ کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ اس موقع پر متاثرین نے صدر مملکت کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

مزیدخبریں