اتحادی حکومت عوام میں ساکھ کھو چکی، شاہ محمود قریشی 

Sep 02, 2022


ملتان(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہباز شریف‘زرداری اور اتحادیوں کی حکومت عوام میں اپنی ساکھ کھو چکی ہے۔ مہنگائی‘ ناکامی اور اپنی نااہلیت پر توجہ ہٹانے کیلئے الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں  پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حکومت سیلاب پر سیاست کررہی ہے۔ ملک میں 40 سال دو جماعتیں اقتدار میں رہیں۔ انہوں نے آج تک ملک میں پانی کا ذخیرہ کرنے اور ڈیم بنانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ عمران خان اور تحریک انصاف نے ملک میں 10 نئے ڈیم بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا این اے 157 کا ضمنی انتخاب عمران خان کے نظریہ اور بیانیہ کو آگے بڑھانے کیلئے لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ عوام نے پی ٹی آئی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں