تجارتی خسارہ 27 فیصد کم ہوا، سیلاب سے 10 ارب ڈالر نقصان کا اندیشہ: وزیر خزانہ

Sep 02, 2022


لاہور؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اگست میں درآمدات 5 ارب 70 کروڑ ڈالر رہیں جو اگست 2021ء کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگست میں برآمدات 2 ارب 50 کروڑ ڈالر رہیں جو گزشتہ برس کے اس عرصے کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ تھیں۔ جبکہ تجارتی خسارہ 27 فیصد کمی کے ساتھ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کے نقصان کا اندیشہ  ہے، حکومت متاثرہ علاقوں اور عوام کی بحالی اور امدادی کارروائیوں کیلئے اقدامات کر رہی ہے، امید ہے کہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں گے۔ گزشتہ روز  ایک  انٹرویو  کے دوران دیتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ملک میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، حکومت متاثرہ لوگوں کی امداد کیلئے اقدامات کر رہی ہے، لوگوں کو 25 ہزار روپے کی نقد معاونت دی جا رہی ہے جس میں 4.2 ملین خواتین بھی شامل ہیں۔ ملک میں 30 فیصد کپاس کی فصل تباہ ہو چکی ، سندھ میں کپاس کی فصل کو زیادہ نقصان ہوا  جبکہ پنجاب میں کپاس کی فصل محفوظ ہے، حکومت ٹیکسٹائل ملز کیلئے کپاس کی طلب کو پورا کرے گی، اسی طرح گنے کی 10 فیصد فصل کو نقصان پہنچا ہے، زیادہ تر نقصان سندھ اور خیبرپی کے  میں ہوا ہے، ملک میں چینی کی مقدار پوری تاہم کسانوں کو نقصان ہوا ہے۔  کسانوں کے نقصان کے ازالہ کیلئے فصلوں کیلئے جاری کردہ قرضوں کی ادائیگی میں سہولیات دی جائیں گی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے گزشتہ روز پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز اور فرسٹ سیکرٹری  ایشلی لائٹ نے ملاقات کی۔  اس دوران  اتفاق کیا گیا کہ اگرچہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ماضی کے مقابلے میں بہتر سطح پر ہے تاہم اب بھی تجارتی حجم میں مزید بہتری کیلئے مواقع کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں