لاہور(نامہ نگار) ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول ریاض نذیر گاڑا نے ریجنل آفیسرز کے ساتھ ویڈیو لنک میٹنگ کا انعقاد کیا۔ تمام ریجنل آفیسرز نے اپنے زیر کمان ریجن کی 3 ماہ کی کارکردگی بارے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کو بریف کیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے درج ذیل ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ شاہرات پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔پنجاب ہائی وے پٹرول کا ہر افسر و جوان قابل فخر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے۔ عوام الناس کے ساتھ مثالی رویہ اختیار کیا جائے تاکہ پی ایچ پی کا مزیدمثبت تاثر قائم ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ حادثات و سانحات ٓمیں رسٹ ریسپانڈر کا کردار ادا کریں تا کہ عوام کا اعتماد پنجاب ہائی وے پٹرول پر مزید بہتر ہو۔ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے کہاکہ پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے ڈیرہ غازی خان ریجن میں سیلاب زدگان کی مدد و معاونت پر پی ایچ پی ڈی جی خان کی کاوشوں کو سراہا۔تاکید کی کہ معاشی دیانتداری کے ساتھ ساتھ پیشہ وارانہ دیانتداری کو ملحوظ خاطر رکھا جائے اورکرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اس پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے ہدایت کی کہ اختیارات کا غلط استعمال کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں میرٹ پر قانونی کاروائی کی جائے جبکہ ناجائز اسلحہ و منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے۔