مجلس احرار اسلام، تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام عشرہ ختم نبوت کا آغاز 

Sep 02, 2022


 لاہور(خصوصی نامہ نگار)7ستمبر 1974کو لاہوری وقادیانی مرزائیوں کو پارلیمنٹ کے فلور پر بھٹو مرحوم کے دور اقتدار میں غیر مسلم اقلیت قرار دیئے جانے کے تاریخی فیصلے کی یاد میں گزشتہ روز یکم ستمبر تا دس ستمبرتک عشرہ ختم نبوت شروع ہو گیاہے۔ مختلف دینی جماعتوں کے زیر اہتمام ملک بھر میں عشرہ ختم نبوت کایہ سلسلہ دس ستمر تک جاری رہے گا اور 7ستمبر کو دنیا بھر میں یوم ختم نبوت جوش و خروش کے ساتھ منایاجائے گا۔ مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے اعلان کیا ہے کہ تحفظ ختم نبوت کی تقریبات شایان شان طریقہ سے منائی جائیں گی۔متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے تمام مکاتب فکر سے یوم ختم نبوت اور عشرہ ختم نبوت پر جوش انداز میں منانے کی پر زور اپیل کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز بعد نماز عصر مرکزی دفتر احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور اور زونل آفس چیچہ وطنی میں عشرہ ختم نبوت کی تقریبات کا آغازکیا گیا، 2ستمبر کوامیر احرار سید محمد کفیل بخاری مسجد القمر گجرانوالہ میں اور نائب امیر عبداللطیف خالدچیمہ بعد نماز عشاء ساہیوال میں عشرہ ختم نبوت کی تقریبات سے خطاب کریں گے۔ 7ستمبر کوقائد احرار سید محمد کفیل بخاری مرکزی دفتر احرار لاہور میں بعد نماز مغرب یوم ختم نبوت کے اجتماع سے خطاب کریں گے اورعبداللطیف خالد چیمہ 7ستمبر کو صبح سات بجے چیچہ وطنی ،گیارہ بجے دن کمالیہ ،بعد نماز ظہر ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بعد نماز عشاء انٹرنیشنل ختم نبوت مومنٹ کے زیر اہتمام چناب نگر میں کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری کبیر والہ میں ایک اجتماع سے خطاب کریں گے۔


 سید محمد کفیل بخاری اور عبداللطیف خالد چیمہ نے باہمی مشاورت سے طے کیا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں تعاون کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا ، ان راہنماؤں نے کارکنوں کوہدایت کی ہے کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں پہلے سے زیادہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ 

مزیدخبریں