لاہور(خبرنگار)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر لاہور میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور میں 6ارب 17کروڑ روپے سے چار سڑکوں کی توسیع و بحالی کا کام کیا جائیگا۔ ان سڑکوں میں مانگا رائیونڈروڈ،لیک سٹی تا رائیونڈ روڈ اوررائیونڈ پھاٹک تا صوئے آصل روڈ شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت پر لاہور میں شاہراہوں کی تعمیرو توسیع کاکام جلد شروع کیا جارہا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرڈویلپمنٹ ضلع لاہورفرحان رشید نے بتایا کہ ابتدائی طور پر6ارب 17کروڑ روپے کی لاگت سے چار شاہراہوں کو وسعت دینے اور سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کیاجائے گا۔مانگا رائیونڈروڈکے 18 کلو میٹر طویل حصے کو چوڑا کیا جائے گا اور اس سڑک کی مرمت بھی کی جائے گی۔اس مقصد کے لئے 22کروڑ روپے کے فنڈز جاری کردئیے گئے ہیں -اس منصوبے پر مجموعی طور پر 2203ملین روپے خرچ ہوں گے۔ اسی طرح لیک سٹی تا رائیونڈ روڈ کو دس کلومیٹر طویل سڑک کو مرمت کیا جائے گا اور اس کی بہتری کی جائے گی۔ اس کام تخمینہ مجموعی طور پر 1140 ملین لگایا گیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر 257 ملین روپے اس سکیم کے لیے جاری کئے گئے ہیں۔ تیسری سکیم رائیونڈ پھاٹک تا صوئے آصل روڈ کی بحالی کے لیے رکھی ہے۔ جس پر 882 ملین روپے تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جبکہ ابتدائی طور پر 187 ملین روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔ اس طرح لاہور رنگ روڈ کے نارتھ لوپ کی مرمت اور بہتری کے لیے 2034 ملین کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جبکہ ابتدائی طور پر 10 ملین روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔ شاہراہوں کی بحالی اور ان کو چوڑا کرنے سے ٹریفک کی روانی آسان ہوگی جس سے لوگوں کو بہترین سہولیات فراہم ہوں گی۔ لاہور کا محکمہ ڈویلپمنٹ ان اسکیموں پر جلد کام شروع کرے گا۔ اس کے لیے ابتدائی طور پر تمام تر قانونی پہلوو ں کو مکمل کردیا گیا ہے۔