اسلام آباد (این این آئی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں پاکستان کی ایک مضبوط و توانا آواز تھے جنہوں نے واضح طور پر ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ بلند کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر آزاد جموں وکشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم قائد سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مرحوم رہنما ایک بااصول شخص تھے جو زندگی کی آخری سانس تک اپنے نظریے پر قائم رہے۔ علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے بزرگ آزادی پسند رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم رہنما ایک عہد ساز شخصیت تھے جو پوری زندگی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور تحریک آزادی کو انتہائی ہمت اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھایا۔ وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر نے خصوصی بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی کے انتقال سے پیدا ہونے والا سیاسی خلا آسانی سے پر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت تھے اور ان کی طرف سے چھوڑی گئی قابل فخر میراث آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ کا کام کرے گی۔